وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس نے سبق دیا دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔سانحہ اے پی ایس کی 10ویں برسی پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو دس سال گزر چکے لیکن زخم آج بھی تازہ ہیں ،16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے، دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ننھے طلبہ جو علم کی روشنی سے اس ملک کے مستقبل کو روشن کرنا چاہتے تھے،درندگی کی نذر ہوگئے، سانحہ 16دسمبر صرف سکول پر ہی نہیں بلکہ انسانیت، تعلیم اور پاکستان کے روشن مستقبل پر حملہ تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اے پی ایس شہداء ہماری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کے والدین اور اہلخانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے، سانحہ اے پی ایس کے 147 شہداء کا خواب بہتر پاکستان تھا، ہماری ذمہ داری ہے اسے حقیقت میں بدلیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر کے ہی دم لیں گے۔