پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات سے متعلق ابتدائی بات چیت کی اطلاعات کو مسترد کر دیا۔قومی اسمبلی میں نقطہ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں مذاکرات یا ڈائیلاگ کی کوئی بات نہیں ہوئی، ایاز صادق کے پاس فاتحہ خوانی کے لیے گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی ضرور بنائی ہے مگر بات تب ہی شروع ہو سکتی ہے جب حکومت سنجیدگی دکھائے، اس میں پیشرفت بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق ہی ہو گی۔اسد قیصر کا کہنا تھا حکومت کو اس سوال کا جواب دینا ہوگا کہ 26 نومبر کو گولی کیوں چلائی؟ کس قانون کے تحت نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے ابھی مذاکرات شروع نہیں ہوئے، ابھی تو صرف سلام دعا ہوئی ہے۔