وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج اسلام آباد میں ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹر چینج اور سرینا چوک انٹر چینج منصوبوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ F-8 ایکسچینج چوک انٹر چینج کا انڈر پاس رواں ماہ کی 25 تاریخ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ F-8 ایکسچینج چوک انٹر چینج کا مکمل افتتاح اگلے سال فروری کے دوسرے ہفتے میں ہو گا۔وزیر موصوف نے کہا کہ سرینا چوک انٹر چینج کا افتتاح اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا جو صرف 60 دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے دونوں میگا پراجیکٹس پر تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔