پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ ملک کی ترقی اور بھلائی کیلئے انتشاری ٹولے کے علاوہ سب پارٹیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کیلئے بلاول بھٹو نے جو اہم کردار ادا کیا وہ آئینی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے کیا ہے، شہید بینظیر بھٹو نے اپنے منشور اور میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کا ذکر کیا تھا۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت کو صرف اس لئے سہارا دیا کہ ملک چل سکے، ہمارے ساتھ کئے ہوئے وعدے پورے نہیں کئے گئے، حکومت بناتے اور آئینی ترمیم کے وقت پر بلاول بھٹو کے ساتھ کئے جانے والے وعدے پورے نہیں کئے گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری کوشش ہے کہ حکومت اس بات کو سمجھے کہ منتخب نمائندوں نے بھی اپنے حلقے کے عوام کو جواب دینا ہے، ہم یہ بات مانتے ہیں کہ اس حکومت نے مہنگائی میں کمی کی ہے، حکومت کو ہمارے منتخب نمائندوں اور عوام کی ڈیمانڈ کا بھی خیال کرنا ہوگا۔