ترقی و منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے معاشی نمو اور ترقی کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ اسلام آباد میں چین’ پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔صنعتی زونز کی ترقی میں چین کے وسیع تجربہ پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے چین سے دو ماڈل صنعتی زونز کو ترقی دینے کی درخواست کی ہے۔انہوں نے پاور ڈویژن اور پیسکو کو رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے اندرونی نیٹ ورک کو فوری طور پر بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چین میں ایک ہزار زرعی گریجوایٹس کی تربیت کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر نے زرعی تربیت حاصل کرنے کیلئے چین جانے والے ماہرین کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد ہی فائیو ایز نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان فریم ورک کا اعلان کریں گے جس کو جامع قومی زرعی اور صنعتی پالیسی کی تشکیل کے بعد پانچ سالہ منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔وزارت ریلوے اور مواصلات نے ایم ایل ون اور قراقرم ہائی وے کے منصوبوں میں حالیہ پیش رفت اور مستقبل کے کاموں کے بارے میں بتایا۔