عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔راولپنڈی کے سینٹرل جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر بشریٰ بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور ان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کردی۔عدالت نے بشریٰ بی بی کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے شورٹی بانڈز کیوں نہ ضبط کیے جائیں۔