بہت جلد طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

بہت جلد طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بہت جلد طلبامیں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، تمام سکالر شپس سفارش کے بغیر دی گئی ہیں، جنوری میں آپ کے پاس لیپ ٹاپ لیکر دوبارہ آئوں گی۔ نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس پنجاب یونیورسٹی کی ڈگری ہے۔ انہوں نے طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان محنتی بچوں کو گارڈ آف آنر ملنا چاہیے۔ مریم نواز نے سکالرشپس دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہونہار طلبہ کو اپنا سلام پیش کرتی ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آپ کے مستقبل کے لیے دن رات سوچتی ہوں، آج میں ایک سیاسی رہنما نہیں، بلکہ ایک ماں کے طور پر خطاب کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہوں جو وعدہ کرتی ہوں پورا کر تی ہوں ،جنوری میں آپ کے پاس لیپ ٹاپ لیکر دوبارہ آئوں گی، عوام کا پیسہ عوام پر لگ رہاہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کاروبار کےلئے ایک کروڑ تک قرضے دینے کا پلان بنا رہی ہوں،لاہور میں پاکستان کا پہلا انٹر نیٹ سٹی بنا رہے ہیں، سیاستدان وہ ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ آج طلبہ کو صرف سکالرشپس نہیں بلکہ میرٹ پر محنت کا صلہ مل رہا ہے، پولیس کے دستے نے آج آپ کی محنت کو گارڈ آف آنر پیش کیا ہے۔ مریم نواز نے ریاست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ”کہتے ہیں کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور ہونی بھی چاہیے۔ مریم نواز نے یہ بھی یقین دلایا کہ ”پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --