وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سی ایم ایچ راولپنڈی آمد ہوئی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پُرتشدد احتجاج میں رینجرز اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس گئیں اور خیریت دریافت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی فرض شناسی کی تعریف بھی کی۔
زخمی اہلکاروں نے اجتجاج کے دوران تشدد کے بارے میں بتایا، زخمی اہلکار نے کہا کہ مظاہرین کے تشدد سے بیشتر پولیس اہلکاروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، آنکھیں متاثر ہوئیں۔ایک زخمی اہلکار نے بتایا کہ مظاہرین کے بے رحمانہ تشدد سے اہلکار کی کھوپڑی بھی بری طرح متاثر ہوئی، مظاہرین نے کیل والے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، پی ٹی آئی ورکرز نے پولیس پر نزدیک سے نشانہ لے کر فائرنگ کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا، زخمی اہلکاروں نے کہا کہ آپ کا دست شفقت رہا تو جلد صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کی بیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے، سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے، شرپسند جماعت پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ریاستی اداروں، املاک اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں، شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے، ہم زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی۔