احتجاج سے گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی، دفتر خارجہ

احتجاج سے گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی، دفتر خارجہ

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ وزارت داخلہ نے احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتار کیا ہے، تمام غیرملکی کو کہیں گے کہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ محکمہ داخلہ نے اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہریوں کو گرفتارکیا ہے، گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاجات میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے،تمام غیر ملکیوں سے کہیں گے کہ پاکستان کے سیاست معاملات سے دور رہیں۔ترجمان نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی، فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کی، اس موقع پر متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔ترجمان نے بتایا کہ بیلاروسی وفد کے دورے میں 2025-2027 کی مدت کے لیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط کیے گئے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اس وقت روس کے سرکاری دورے پر ہیں، ایاز صادق وہاں پر دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے جبکہ پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایم او یو پر دستخط بھی کیا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان میں جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، ہم لبنان کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 2 تا 3 دسمبر ایران کا دورے کریں گے جہاں وہ سی سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔پاکستان غزہ میں نسل کشی کی مذمت کرتا ہے، انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کے کیمپ میں 4 کشمیری شہریوں کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، واقعے کے باعث میں کشمیریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، پاکستان واقعے کے ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ مطیع اللہ جان کو جن حالات میں گرفتار کیا گیا اس پر وزارت اطلاعات تبصرہ کر سکتی ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور پاکستانیوں پر متحدہ عرب امارات کے سفر کی کوئی ممانعت نہیں۔واضح رہے کہ آئی جی اسلام آباد میں منگل کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران افغان شہریوں سمیت 954 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --