تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو شکست، پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی جب کہ پاکستان نے کامران غلام کی سنچری اور عبداللہ شفیق کی نصف سنچری کی بدولت 304 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری میزبان ٹیم 204 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بلاوایو میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور 58 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر دوسرے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے صائم ایوب کی اننگز کا خاتمہ ہوا اور وہ 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر عبداللہ کا ساتھ دینے کے لیے کامران غلام کریز پر آئے اور دونوں کا ٹیم کا مجموعہ 112 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللہ شفیق کی 50 رنز کی عمدہ اننگز اپنے اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد کامران غلام اور کپتان محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا جس دوران کامران غلام نے اپنی سنچری مکمل کی۔ وہ 99 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 37 اور سلمان آغاز 30 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگاروا نے 2، 2 جبکہ فراز اکرم اور بلیسنگ موزاربانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 204 رنز پر آؤٹ ہوگئی، کریگ ایروائن 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوٓئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، ابرار احمد، عامر جمال اور حارث رؤف نے 2،2 جب کہ فیصل اکرم اور کامران غلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آخری ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور دوسرے میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا گیا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --