اعصام الحق کا آئی سی سی آئی کا دورہ، صدر ناصر قریشی کی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

اعصام الحق کا آئی سی سی آئی کا دورہ، صدر ناصر قریشی کی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

سابق ٹینس اسٹار اور پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق قریشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبران نے کیا۔ اس موقع پر
اعصام الحق نے پاکستان میں ٹینس کی ترقی کے لیے اپنے وژن کا اظہار کیا اور ایک جم کے قیام، پلیئرز ٹینس ہٹ کی تزئین و آرائش، کھلاڑیوں کے لیے گیسٹ رومز کو دوبارہ بنانے اور یوٹیوب پر میچز کی لائیو کوریج کو بڑھانے کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے مستقبل میں قومی سطح پر منعقد کے جا نے والے ٹورنامنٹس کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کھیل کے فروغ اور ملک کے عالمی امیج کو بڑھانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے کارپوریٹ سیکٹرکے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر ناصر منصور قریشی نے جسمانی اور ذہنی تندرستی کو برقرار رکھنے میں کھیلوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جسمانی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے شرکت نہ صرف صحت مند جسم کو فروغ دیتی ہے بلکہ دماغ کو بھی تیز کرتی ہے، جس سے کاروباری کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیوں پر اعصام الحق کی تعریف کی اور اس کھیل کے فروغ میں ان کے خاندان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے قومی کھیلوں کے ہیروز کو نوجوانوں کے لیے اہم محرک کے طور پر بھی تسلیم کیا۔
آئی سی سی آئی کی جانب سے صدر ناصر قریشی نے اعصام الحق قریشی کو ہونہار کھلاڑیوں کی گرومنگ سمیت ٹینس کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے چیمبر کی جانب سے کھیل کی ترقی کے لیےاور دیگر شعبوں میں بھی مدد کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
اعصام الحق کے ساتھ پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ر)، سینئر نائب صدر سہیل خواجہ، اور کمپلیکس اینڈ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر کرنل گل رحمان (ر) بھی موجود تھے۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران شمائلہ صدیقی، ملک محسن خالد، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، آفتاب گجر، عمر خیام، آئی سی سی آئی کے ممبران نعیم صدیقی، خالد چوہدری، ٹی ڈبلیو اے کے رہنما اسد عزیز، شہزاد شبیر عباسی، اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --