آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وفد نے بھی ملاقات کی جس دوران باہمی اعتماد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔جنرل عاصم منیر نے بین الاقوامی اور علاقائی ماحول میں تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی جنرل ژانگ یوشیا کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
چین کی عسکری قیادت سے ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تاریخی دوستی نے ہر مشکل وقت کا مقابلہ کیا ہے، یہ تاریخی شراکت داری مزید بڑھنے کے لیے تیار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے اسٹریٹیجک پارٹنر شپ سے متعلق پاکستان کی ثابت قدمی کی تعریف کی جب کہ چینی سینٹرل ملٹری کمیشن نے انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف بھی کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔