بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ  کو یقینی بنائیں گے،وزیراعظم شہباز

بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے،وزیراعظم شہباز

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بچوں کے حقوق،فلاح وبہبود اور ان کی بہتری کے لئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کااعادہ کیا ہے۔عالمی یومِ اطفال کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور ہماری قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں ، یہ دن ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ اور تکمیل کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، اور ایک محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کریں، تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کر سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں، جیسے دانش سکولز کا قیام، جو دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کم وسیلہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں، ان سکولز نے بے شمار بچوں کی زندگیاں بدل دی ہیں اور انہیں ایک روشن مستقبل کی راہ دکھائی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم نے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وسائل کو متحرک کرکے خواندگی کی شرح میں اضافہ، اسکولوں کی تعمیر نو، اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کمیونٹی آؤٹ ریچ اور خاندانوں کو بچوں کو سکول بھیجنے کی ترغیب دینے کے لئے خصوصی مہمات کے ذریعے سکول نہ جانے والے لاکھوں بچوں کے داخلے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ غذائی قلت کو دور کرنے اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے، حکومت نے سرکاری سکولوں میں غذائیت کا پروگرام متعارف کیا ہے تاکہ بچوں کو صحت مند کھانا ملے جو ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں معاون ہوں، یہ تمام تر اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم اپنے نوجوان نسل کی نشوونما اور خوشحالی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میں والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی، اور پالیسی سازوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر بچے کی اہمیت ہو اور وہ خود کو محفوظ اور قیمتی محسوس کرے، عالمی یومِ اطفال کے موقع پر، آئیں ہم عہد کریں کہ اپنے بچوں کو قومی ترجیحات میں اولیت دیں گے، اور ایک ایسا مستقبل یقینی بنائیں گے جہاں وہ عزت، برابری، اور امید کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی حوصلہ افزائی اور حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --