حج درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی

حج درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی

سال 2025 کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے کے سلسلے میں درخواستوں کی وصولی کا آج سے آغاز ہوگیا جب کہ ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ حج درخواست کے ہمراہ 2 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔

اس کے علاوہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی جب کہ یکم تا 10 فروری تک بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری حج اسکیم کا کوٹہ 89 ہزار 605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہو گی۔

بیان میں کہا گیا کہ وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی سیکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی، اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیاب ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج پیکج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہے، شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہو گی۔اس کے علاوہ ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گی، 12 سال سے کم عمر بچے بھی سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔بیان میں بتایا گیا کہ درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہو گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --