پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی رجسٹریشن کے لیے 30 نومبر تک مہلت دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔پی ٹی اے ذرائع کے مطابق وی پی این کی بندش کے حوالے سے ایک ٹرائل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹرائل آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔
پی ٹی اے ذرائع کا مؤقف ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں جس سے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نےکہا کہ پاکستان میں وی پی این ابھی چل رہا ہے بند نہیں ہوا، وی پی این کے بغیر آئی ٹی انڈسٹری نہیں چل سکتی کیونکہ عام آدمی، فری لانسرز اور کمپنیوں کو وی پی این کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2016 میں وی پی این رجسٹریشن کی پالیسی بنی تھی، ہم نے وی پی این کی ابھی دوبارہ رجسٹریشن شروع کی ہے اور اب تک 25 ہزار وی پی این کی رجسٹریشن کر چکے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید بتایا کہ پی ٹی اے نے 5 لاکھ غیر اخلاقی سائٹس بلاک کیں، پچھلے اتوار 2 کروڑ پاکستانیوں نےغیر اخلاقی سائٹس تک رسائی کی کوشش کی۔