روس کے صدر کی کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

روس کے صدر کی کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن بم دھماکے پر مختلف بین الاقوامی ، قومی اور مقامی رہنماؤں اور حلقوں نے سخت مذمت کی روس کے صدر ولادی میر پوٹن، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور ترکیہ حکومت نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

امریکی سفارتخانے، برطانوی سفارتخانے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ کو ایک خط میں روس کے صدر نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہریوں کی جانیں گئیں اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے اس وحشیانہ واقعہ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ روس کی یکجہتی پر زور دیا، انتہا پسندی سے نمٹنے اور شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں سے بچانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔

ولادی میر پیوٹن نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس طرح کے گھناؤنے جرائم کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے روس کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حملے کے ماسٹر مائنڈز کو سزا دی جائے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --