پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منارہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منارہے

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں تاکہ دنیا کو اپنی سرزمین پر بھارت کے ناجائز قبضے کو مسترد کرنے کا پیغام دیا جا سکے۔27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوجیوں نے تقسیم کے منصوبے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر حملہ کیا اور کشمیریوں کی مرضی کے خلاف خطے پر قبضہ کر لیا۔

آج بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ آزاد کشمیر میں 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کے حملے اور بی جے پی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کے لیے تمام

اضلاع اور تحصیل ہیڈ کوارٹرمیں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر لبریشن کمیشن نے ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا ہے جس کے بعد ایک ریلی نکالی جائے گی۔اسی طرح پاسبان حریت جموں و کشمیر، کشمیری مہاجرین، دیگر حریت تنظیموں اور سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم سیاہ منانے کے لیے بھارت مخالف ریلیوں اور سیمینارز کا اہتمام کیا ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے دنیا بھر کے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

نائب وزیراعظم وزیرخارجہ اسحق ڈار نے کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی اوران کے جائز حق خودارادیت کے حصول کیلئے مکمل سیاسی، اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔انہوں نے آج یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ یہ دن خطے کی طویل درد ناک تاریخ کے آغاز کا باب ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ مضبوط بنانے کیلئے مختلف حربے استعمال کیئے ہیں تاہم پانچ اگست دوہزار انیس کو خطے کی بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت ختم کرنے کیلئے سازش کی گئی۔

وزیراطلاعات ونشریات عطا ء ﷲ تارڑ نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کو یقینی بنائے اور بھارت کو خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے روکے۔آج یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیر لوگ بہادری سے آزادی کیلئے لڑرہے ہیں اور وہ اپنے گھر پرغاصبانہ قبضے کو کبھی قبول نہیں کریںگے۔عطاء اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت کی اوران کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے آئندہ بھی یہ حمایت جاری رہے گی۔

یوم سیاہ کے موقع پر بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے آج صبح اسلام آباد میں ایک ریلی نکالی گئی۔سول سوسائٹی کے ارکان ، طلبا اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی ۔شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقع پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجائے گئے۔انجینئر امیر مقام نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اوران سے بھرپور اظہاریکجہتی کرتی ہے ۔انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم بند کرے اور کشمیری قیدیوں کورہا کرے۔

-- مزید آگے پہنچایے --