وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے غزہ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد کی 13ویں کھیپ روانہ کردی

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے غزہ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد کی 13ویں کھیپ روانہ کردی

وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے غزہ کے جنگ سے متاثرہ لوگوں کے لیے انسانی امداد کی 13ویں کھیپ آج روانہ کی۔اس کھیپ میں ایک سو ٹن موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل تھے، جو غزہ کے لوگوں کے لیے اسلام آباد سے عمان (اردن) کے لیے روانہ کیے گئے تھے۔

رخصتی کی تقریب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی جس میں مشیر برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک، پاکستان میں فلسطین کے سفیر زہیر ایم ایچ درزید، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور پاکستان کی مسلح افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔

غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے اب تک مجموعی طور پر تیرہ سو اکیاسی ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیر متزلزل حمایت اور فراخدلی سے انسانی امداد کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں یکجہتی امید کی کرن ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بندھن کا ثبوت ہے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے انسانی امداد صرف ضروری سامان کی لائف لائن نہیں ہے بلکہ ہمدردی اور اتحاد کا ایک طاقتور پیغام ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --