وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مریم نواز کو بتایا گیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر”پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مکانوں کی تعمیر شروع ہو گئی ہے، صرف دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں لاہور، قصور اور دیگر اضلاع میں پہلی قسط حاصل کرنے والے افراد نے مکانوں کی تعمیر شروع کر دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے قرض کی دوسری قسط کا اجراء شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں درخواست گزار کی آسانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔
سپیشل ڈیش بورڈ پر” اپنی چھت، اپنا گھر “پروگرام کی مانیٹرنگ وزیر اعلیٰ خود کریں گی، مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو فیلڈ میں مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں مریم نواز شریف کو بتایا گیا کہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد” اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے لئے پورٹل سے رجوع کر چکے ہیں، “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے لئے تقریباً پونے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے اپنی چھت میری ترجیحات میں اولین ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی حقدار قرض سے محروم نہ رہ جائے۔