سینیٹ اور قومی اسمبلی سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 711 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز دوپہر تقریباً 12 بجے کے ایس ای-100 انڈیکس 711 پوائنٹس یا 0.83 فیصد بڑھ کر 85 ہزار 961 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 85 ہزار 250 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے بھی 2 تہائی اکثریت کے ساتھ منظور ہو گیا۔اتوار کی شام 6 بجے طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس کئی گھنٹے تاخیر کے بعد رات ساڑھے 11بجے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا جسے تقریباً رات 11 بج کر 58 منٹ پر ملتوی کر دیا گیا، اس کے بعد اجلاس کا دوبارہ آغاز 12 بج کر 5 منٹ پر ہوا اور یہ پیر کی صبح سوا 5 بجے تک جاری رہا تھا۔