غزہ اور لبنان کے جنگ سے متاثرہ عوام کیلئے پاکستان کی جاری انسانی امدادی کوششوں کے جائزے کیلئے اسلام آباد میں اعلی سطح مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ۔وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال اورچیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
اجلاس میں غزہ اور لبنان کے عوام کی فوری ضرورتوں اورامدادی اشیاء بجھوانے کیلئے نقل وحمل کی مشکلات پرغور کیاگیا ۔لبنان کے سفیر نے حکومت پاکستان کی جانب سے بروقت امدادی اشیاء کی فراہمی کو حد درجہ سراہا اور کہاکہ پاکستان ان پہلے تین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اس مشکل وقت میں لبنان کے عوام کیلئے امداد بھجوائی ۔
پاکستان بارہ کھیپوں کے ذریعے بارہ سو اکیاون ٹن امدادی سامان پہلے ہی غزہ اور لبنان بھیج چکا ہے ان میں سے دس کھیپ غزہ اور دو لبنان بھیجی گئیں۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ وزیراعظم نے امدادی سامان لبنان اور غزہ بھیجنے کی بذات خود ہدایت کی ۔وفاقی وزیر نے NDMA کو ہدایت کی کہ سامان کی ترسیل کا ایک ملا جلا نظام قائم کرکے بذریعہ طیارہ اورسڑک کے ذریعے سامان بہتر انداز میں پہنچایاجائے ۔