پاکستان میں پولیو کے مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں 48 گھنٹوں کے دوران پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی جب کہ مجموعی تعداد 39 تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے مطابق سندھ کے اضلاع سانگھڑ اور میرپورخاص میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی ون) کے کیسز رپورٹ ہوئے۔
پاکستان میں 2024 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران پولیو وائرس کے 39 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 20 بلوچستان، 12 سندھ، 5 خیبر پختونخوا، اور ایک ایک پنجاب اور اسلام آباد سے رپورٹ ہوئے۔’سندھ کے اضلاع میر پور خاص اور سانگھر سے سامنے آنے والے کیسز میں ایک بچہ اور ایک بچی متاثر ہوئے جب کہ یہ ان اضلاع سے رپورٹ ہونے والے پہلے کیسز ہیں۔