مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ : انڈیا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز سے ہرادیا

مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ایشیا کپ : انڈیا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز سے ہرادیا

اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں انڈیا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 رنز سے شکست دیدی ۔عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں گروپ بی کے اس میچ میں انڈیا اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔پاکستان شاہینز جواب میں 7 وکٹوں پر 176رنز بناسکی۔

انڈیا اے کی اننگز میں اوپنرز پرابھسمرن سنگھ اور ابھیشیک شرما نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پاور پلے کے 6 اوورز میں 68 رنز کا اسٹارٹ دیا جس میں عباس آفریدی کے ایک اوور میں بننے والے25 رنز بھی شامل تھے۔ابھیشیک شرما 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب عرفات منہاس نے پرابھسمرن سنگھ کی وکٹ حاصل کرڈالی جنہوں نے 3چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے36 رنز اسکور کیے۔سفیان مقیم نے اپنی دوسری وکٹ نیہال ودھیرا کو 25 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرکے حاصل کی ۔انڈیا اے کی چوتھی وکٹ آیوش بدونی کی شکل میں قاسم اکرم کے حصے میں آئی ۔اسوقت انڈیا اے کا اسکور پندرہویں اوور میں 120 رنز تھا۔اسپنرز کے آتے ہی رنز کی رفتار کم ہوتی چلی گئی تھی۔ آف اسپنر قاسم اکرم نے اپنے چار اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ لیفٹ آرم اسپنر سفیان مقیم نے اپنے چار اوورز میں دو وکٹوں کے حصول کے لیے 28رنز دیے۔ لیفٹ آرم اسپنر عرفات منہاس ایک اوور میں 4 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اسپنرز کے ہٹتے ہی کپتان تلک ورما اور رمندیپ سنگھ کی جارحانہ بیٹنگ نے انڈیا اے کی پوزیشن کو بہتربنادیا۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں43 رنز کا اضافہ کیا ۔زمان خان نے تلک ورما کی44 رنز کی اہم اننگز کا خاتمہ کردیا جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے تاہم آخری دو اوورز میں بننے والے 26 رنز کی وجہ سے انڈیا اے 183 تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔پاکستان شاہینز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات سے دوچار رہی۔ پہلے ہی اوور میں کپتان محمد حارث کی وکٹ گری جس کے بعد وقفے وقفے سے عمیر بن یوسف ( 2 ) ۔یاسرخان ( 33 ) اور قاسم اکرم ( 27 ) بھی آؤٹ ہوگئے۔ یاسر خان کی اننگز میں تین چھکے اور ایک چوکا شامل تھا جبکہ قاسم اکرم نے چار چوکے مارے ان دونوں کی تیسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنے۔

78 رنز پر چار وکٹیں گرجانے کے بعد عرفات منہاس نے اسکور بورڈ کو رکنے نہیں دیا اور 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔انہوں نے حیدر علی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 48 اور عبدالصمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کا اضافہ کیا۔عبدالصمد نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 15 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے جس میں2 چوکے اور 2چھکے شامل تھے لیکن آخری اوور کی پہلی گیند پر ان کے آؤٹ ہونے سے پاکستانی ٹیم جیت سے دور ہوگئی۔پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ 21 اکتوبر کو میزبان عمان کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔

مختصر اسکور ۔

انڈیا اے 183 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) تلک ورما 44 پرابھسمرن سنگھ 36۔ ابھیشیک شرما 35۔ سفیان مقیم 28 / 2 وکٹ۔

پاکستان شاہینز 176 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔عرفات منہاس 41۔ یاسر خان 33 ۔انشول کمبوج 33 / 3 وکٹ۔

نتیجہ ۔ انڈیا اے نے 7 رنز سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --