لبنان سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ لبنان سے لانچ کیے گئے ڈرون نے تل ابیب کے شمال میں واقع قیصریہ میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کا خاندان قیصریہ میں موجود نہیں تھا، مزید کہا کہ کسی جان نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔صہیونی فوج نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والے 2 مزید ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے امکان کو روکا جاسکتا ہے اور میرے خیال میں لبنان میں جنگ بندی کے لیے کام کیا جاسکتا ہے تاہم غزہ میں جنگ بندی انتہائی مشکل ہوگی۔