پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں کل اپنا پہلا میچ انڈیا اے کے خلاف کھیلے گی۔ جمعہ سے شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ مسقط، عمان کے عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان شاہینز گروپ بی میں انڈیا اے، متحدہ عرب امارات اور میزبان عمان کے ساتھ ہے جبکہ گروپ اے میں بنگلہ دیش اے سری لنکا اے ہانگ کانگ اور افغانستان اے شامل ہیں۔
محمد حارث کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان عمان سے مقابلہ کرے گی جبکہ اس کا تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف ہوگا۔
ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے میچز ایشین کرکٹ کونسل کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر ہونگے۔
پاکستان شاہینز نے عمان روانگی سے قبل کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں پانچ روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔
یہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن ہے جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے جبکہ 2013، 2017، 2018، 2019 اور 2023 میں پچھلے پانچ ایڈیشن ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے گئے تھے۔ پاکستان 2019 میں سعود شکیل اور 2023 میں محمد حارث کی قیادت میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔
کپتان محمد حارث کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔ ہمارے تینوں گروپ میچز ہماری صلاحیتوں کو جانچنے اور دباؤ میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے کیونکہ ہم جن ٹیموں کا سامنا کر رہے ہیں وہ بہت زیادہ مسابقتی ہیں اور جو فارمیٹ ہم کھیل رہے ہیں اس کے لیے کھیل کے تمام مراحل کے دوران مستعدی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہمارے اسکواڈ کے کھلاڑی دو وائٹ بال ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کھیلنے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ کھلاڑی پہلے میچ سے ہی اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
پاکستان شاہینز اسکواڈ :
محمد حارث (کپتان) عبدالصمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، حیدر علی، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم، یاسر خان اور زمان خان۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف۔ عمر رشید ( ہیڈ کوچ / منیجر) عمران فرحت (بیٹنگ کوچ) رفعت اللہ مہمند ( فیلڈنگ کوچ) عثمان ہاشمی ( انالسٹ ) اور سید محمد اسد ( فزیو تھراپسٹ)
پاکستان شاہینز کے میچز۔
بمقابلہ انڈیا اے- 19 اکتوبر، شام 6.30 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق ) ۔
بمقابلہ عمان ۔ 21 اکتوبر،دوپہر 2 بجے ( پاکستانی وقت کے مطابق )۔
بمقابلہ متحدہ عرب امارات – 23 اکتوبر دپہر 2 بجے( پاکستانی وقت کے مطابق ) ۔