شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت کے وزیرخارجہ جے شنکر واپس روانہ ہوگئے اور انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران بہترین مہمان نوازی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 9 سال کے وقفے کے بعد کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا، اس سے قبل دسمبر 2015 میں اُس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے افغانستان پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ اس کانفرنس میں بطور خارجہ سیکریٹری ایس جے شنکر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔وطن واپسی پر بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے ایس سی او اجلاس میں بہترین مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم اسحٰق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک پیغام میں بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے بتایا کہ وہ اسلام آباد سے روانہ ہو رہے ہیں۔