انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابراعظم کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے فیصلے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر زمان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
ذرائع نے کہا کہ پی سی بی نے فخر زمان سے 21 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے پر بابر اعظم کے حق میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فخر زمان نے گزشتہ روز کہا کہ بابر اعظم کو ڈراپ کرنے کے بارے میں تجاویز سننا تشویشناک ہے، بھارت نے ویرات کوہلی کو 2020 اور 2023 کے درمیان ان کے مشکل وقت کے دوران ڈراپ نہیں کیا جب ان کی اوسط بالترتیب 19.33، 28.21 اور 26.50 تھی۔
فخر زمان نے کہا کہ اگر ہم اپنے بہترین بلے باز کو سائیڈ لائن کرنے پر غور کر رہے ہیں، جو یقیناً پاکستان کے اب تک کے بہترین بلے باز ہے تو اس سے پوری ٹیم میں گہرا منفی پیغام جا سکتا ہے۔انہوں نے لکھا کہ اب بھی وقت ہے کہ پینک بٹن کو دبانے سے گریز کریں، ہمیں اپنے اہم کھلاڑیوں کو کمزور کرنے کے بجائے ان کے تحفظ پر توجہ دینی چاہیے۔