شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کیلئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،وزیراظم شہباز شریف سمیت دیگر نے معزز مہمان کا شاندار استقبال کیا ،11 سال میں کسی بھی چینی وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہے۔پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کیلئے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
چینی وزیراعظم وفد کے ہمراہ نور خان ایئر بیس پر پہنچے تو بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا، چینی وزیراعظم کا وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ویگر اعلیٰ حکام نے نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا، معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا، چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، معیشت، تجارت، سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہو گی۔ چینی وزیراعظم صدر پاکستان آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنمائوں اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے بتایا کہ لی کیانگ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں اور وہ 17 اکتوبر تک پاکستان میں رہیں گے۔ ان کے ساتھ تجارت، خارجہ، قومی ترقی اور اصلاحات کے وزرا بھی ہوں گے، جبکہ وفد میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ایجنسی اور دیگر سینیئر حکام شامل ہوں گے۔لی کیانگ اور شہباز شریف کے درمیان وفود کی سطح پر سی پیک، معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت پر گفتگو ہوگی، اور ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔