فلسطینی شہری دفاع کے ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کے علاقے میں اسرائیلی حملوں میں 30 افراد شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں غزہ میں ادارے کے ترجمان محمود بصل کے مطابق جبالیہ شہر میں اسرائیلی بم باری سے 12 افراد شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔اس سے قبل غزہ کے شمال میں شہری دفاع کے سربراہ احمد کحلوت نے بتایا تھا کہ جبالیا شہر پناہ گزین کیمپ پر کئی حملوں میں 18 افراد شہید ہو گئے۔
مزید یہ کہ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں پناہ گزین کیمپ میں "آٹھ سکولوں” کو خاص طور پر نقصان پہنچا جہاں نقل مکانی کرنے والے افراد نے پناہ لے رکھی ہے، حملے کے بعد 14 افراد لاپتا ہیں، لگتا ہے کہ وہ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔شہری دفاع کے ذرائع کے مطابق جمعے کو دن بھر ہونے والے حملوں میں کم از کم 110 افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے بتایا ہے کہ جبالیہ پر اسرائیلی بم باری شروع ہونے کے ایک ہفتے بعد ہزاروں افراد کیمپ میں محصور ہو گئے ہیں، اسرائیل کا کہنا ہے کہ حملے کی اس مہم کا مقصد حماس کو اپنی صفیں از سر نو ترتیب دینے سے روکنا ہے۔
واضح رہے کہ جبالیہ شمالی علاقہ ہے جو غزہ میں تاریخی طور پر سب سے بڑا پناہ گزین کیمپ ہے۔7اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 42 ہزار سے زائد فلسطینی شہیدجبکہ 97 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔