وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صحت انسانی زندگی کا معاملہ ہے اس میں غفلت نہیں برداشت کی جا سکتی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں نجی ہسپتال میں نیو ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کر دیا۔مریم نواز نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایمرجنسی میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور صحت یابی کی دعا کی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مریضوں سے علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر ہسپتال کو بہتر سے بہترین کرنا چاہتے ہیں، صحت کا معاملہ انسانی زندگی کا معاملہ ہے، غفلت نہیں برداشت کی جا سکتی۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتال کے سسٹم اور تجربات سے استفادہ کر کے ہیلتھ سسٹم بہتر بنائیں گے، ایئر ایمبولینس سے روز قیمتی جان بچانے میں قابل قدر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرسی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے، ایک اچھے فیصلے سے کروڑوں زندگیوں میں بہتری آرہی ہے، پنجاب کے ہسپتالوں میں 90 فیصد تک مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہارٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے ہسپتال سے اشتراک کریں گے، پنجاب میں پورے پاکستان سے علاج کے لیے مریض آتے ہیں۔