آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو اس ٹورنامنٹ کے سب سے کم اسکور 82 پر آؤٹ کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

یہ آسٹریلیا کی اس ٹورنامنٹ میں لگاتار تیسری کامیابی ہے جبکہ پاکستان کی دوسری شکست ہے۔ اس کا آخری گروپ میچ 14 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔

جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو فاطمہ ثنا کی خدمات حاصل نہیں تھیں جنہیں اپنے والد کے انتقال کے سبب وطن واپس جانا پڑا ہے ۔ان کی غیرموجودگی میں منیبہ علی نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو 19.5 اوورز میں 82 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل اس ٹورنامنٹ میں سب سے کم اسکور 85 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ تھا جو سری لنکا نے پاکستان کے خلاف بنایا تھا۔

آسٹریلیا نے 11 اوورز میں مطلوبہ اسکور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگز میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ چوتھے اوور سے شروع ہوگیا اور آسٹریلوی بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

کپتان منیبہ علی 7۔ صدف شمس 3۔ سدرہ امین12 اور عمیمہ سہیل 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو مجموعی اسکور آٹھویں اوور میں 4 وکٹوں پر صرف 29 رنز تھا جودسویں اوور میں ندا ڈار کے 10 رنز پر آؤٹ ہونے پر 5 وکٹوں پر 39 رنز تھا۔

عالیہ ریاض تین چوکوں کی مدد سے 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

آسٹریلیا کی طرف سے آف اسپنر ایشلے گارڈنر نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے ایک ہی اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کپتان ایلیسا ہیلی اور بیتھ مونی نے اپنی ٹیم کو36 رنز کا اسٹارٹ دیا اس موقع پر سعدیہ اقبال نے بیتھ مونی کو 15 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ ہیلی نے5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے تھے کہ انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ایلیسے پیری 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز 82 رنز( 19.5 اوورز )۔عالیہ ریاض 26۔ایشلے گارڈنر 21 / 4 وکٹ۔
آسٹریلیا ویمنز83 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ( 11 اوورز ) ۔ایلیسا ہیلی 37 ۔ ایلیسے پیری 22 ناٹ آؤٹ۔
نتیجہ ۔ آسٹریلیا ویمنز نے 9 وکٹوں سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --