لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی سے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی سادہ اور پروقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی تقریب حلف برداری میں اعلیٰ سرکاری حکام سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
خیال رہےکہ گزشتہ ماہ صدر مملکت نے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی تعیناتی 3 سال یا چیئرمین کی 65 سال عمر ہونے تک کی گئی ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا عہدہ اگست 2023 سے خالی تھا جس کی وجہ سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بھی نہیں ہو سکا تھا۔