اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ جھڑپوں میں اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ نون میں درج کر لیا گیا۔ درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور اعظم سواتی کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں بیرسٹر سیف، عمر ایوب اور عامر مغل سمیت 500 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ نون میں درج مقدمے میں اقدام قتل، اغوا، اور دہشت گردی سمیت 12 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ عامر مغل نے شرکا کے ساتھ مل کر کانسٹیبل عبد الحمید کو زبردستی پکڑ کر ان پر لاتوں، مکوں، ڈنڈوں اور پتھروں سے تشدد کیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق عامر مغل اور ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے عبدالحمید کو اغوا کرکے لے گئے تھے۔اس کے بعد ملزمان عبدالحمید کو بڈھانہ لنک روڈ پر بےہوشی اور زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔عبدالحمید کو زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔