غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے اسکول اور مسجد پر بمباری کے نتیجے میں 24 فلسیطنی شہید اور 93 زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں دیر البلاع میں القصیٰ ہسپتال کے قریب ایک مسجد اور اسکول میں پناہ لینے والے بے گھر افراد پر فضائی حملہ کیا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل حماس جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اسرائیلی حملوں میں کمی نہیں آئی اور اس ظالمانہ کارروائی میں 24 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے ’حماس کے ٹھکانوں‘ کو نشانہ بنایا، جنہوں نے دیر البلاع میں ابن رشد اسکول اور شہدائے القصیٰ مسجد کے اندر اپنے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کررکھے تھے۔