آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان نے سری لنکا کو 31 رنز سے ہرادیا

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستان نے سری لنکا کو 31 رنز سے ہرادیا

 آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز نے اپنی بولرز کی شاندار کارکردگی کے بل پر 116 کے معمولی اسکور کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے سری لنکا ویمنز کو 31 رنز سے شکست دیدی۔

جمعرات کے روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 116 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 85 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی اننگز شروع ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف 32 کے مجموعی اسکور پر گل فیروزہ ( 2 ) منیبہ علی( 11 ) اور سدرہ امین ( 12 ) کی وکٹیں گرگئیں ۔ندا ڈار23 اور عمیمہ سہیل 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ عالیہ ریاض پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئیں۔

کپتان فاطمہ ثنا تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔

سری لنکا کی طرف سے چماری اتاپتو ۔ سوگندیکا کماری اور اودیشیکا پرابودھانی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو ابتدا ہی میں چماری اتاپتو کی اہم وکٹ مل گئی جو صرف 6 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر عمیمہ سہیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔

ایک جانب عمیمہ سہیل نے ہرشیتھا سمارا وکرما اور ہاسینی پریرا کی وکٹیں حاصل کرلیں تو دوسری جانب نشرہ سندھو نے کویشا دلہاری اور وشمی گونا رتنے کو آؤٹ کردیا تو سری لنکا کی ٹیم 52 کے اسکور پر 5 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی اور پاکستان ٹیم میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرچکی تھی۔
سری لنکا کی مشکلات بڑھتی گئیں۔ سعدیہ اقبال نے انوشکا سنجیوانی ۔ نیلاکشیکا سلوا اور سوگاندیکا کماری کو ڈگ آؤٹ کی راہ دکھادی ۔

فاطمہ ثنا نے سری لنکا کی نویں وکٹ سچینی نسانسلا کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔

پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ 6 اکتوبر کو انڈیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔

مختصر اسکور۔
پاکستان ویمنز 116 رنز ( 20 اوورز ) ۔ فاطمہ ثنا 30۔ ندا ڈار 23 ۔ عمیمہ سہیل 18۔ چماری اتاپتو 18 / 3 وکٹ۔ سوگاندیکا کماری 19 / 3وکٹ۔ اودیشیکا پرابودھانی 20 / 3 وکٹ ۔
سری لنکا ویمنز 85 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز )۔نیلاکشیکاسلوا 22۔ وشمی گونا رتنے 20۔سعدیہ اقبال17 / 3وکٹ۔فاطمہ ثنا 10 / 2 وکٹ۔ نشرہ سندھو15 / 2 وکٹ۔ عمیمہ سہیل 17 / 2 وکٹ۔
نتیجہ ۔پاکستان ویمنز نے 31 رنز سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --