پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے اسرائیل مخالف احتجاج میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، صورتحال پر پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن زرداری ہاؤس آئے اور بلاول بھٹو زرداری کو فلسطین مارچ میں شرکت کی دعوت دی، ملاقات کے دوران مشرق وسطی میں قیام امن سمیت خطے کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جماعت اسلامی کے وفد میں نائب صدور لیاقت بلوچ اور میاں اسلم، سیکریٹری جنرل امیرالعظیم اور اسلام آباد کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا شامل تھے جب کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شیری رحمٰن، نیر بخاری، نوید قمر اور مرتضی وہاب موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو امیر جماعت اسلامی بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارتی کےرہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اس وقت دنیا کا سب اہم مسئلہ اسرائیلی جارحیت ہے، اس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کو شہید کیا جارہا ہے، مسلمان دنیا میں کہیں بھی ہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال پر پورے پاکستان کو ایک پیج پر ہوناچاہیے، 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کےاحتجاج میں شریک ہوں گے، اسرائیل جو کچھ کر رہا ہےاس پر دنیا میں کسی کو فرق نہیں پڑھ رہا، فلسطین اور لبنان کے بعد ایران کی طرف جنگ بڑھتی جارہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلمانوں کی زمین پر قبضے کےلیے اسرائیل نے سازش کی، مسلمانوں کی سر زمین پر قبضے کیلئے اسرائیل نے مہم شروع کی، فلسطین پر اسرائیل قبضہ کرنا چاہتا ہے، 7 اکتوبر کا بہانہ بنا کر وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پاکستان کے عوام ان کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو عالمی حقوق کی پرواہ نہیں ہے، موبائل فونز کو پیجر میں تبدیل کرکے پھاڑا جارہا ہے، سیاسی قیادت کو ایران میں شہید کیا گیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کا غزہ کے لیے مشترکہ طور پر آواز اٹھانے پر اتفاق کیا گیا، چیئرمین پیپلز پارٹی نے 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے احتجاج میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے پوری قوم سے متحد ہونے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو جماعت اسلامی کےاحتجاج میں شریک ہوں گے، مسئلہ فلسطین پر ہم مثبت سیاست کرنے کی کوشش کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں کلچر ہے کہ سیاست کو نفرت میں تبدیل کردیتےہیں، ایسے معاملات میں اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا چاہیے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلاول بھٹو اور ان کی ٹیم سے ملاقات ہوئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پوری دنیا میں سوالیہ نشان ہے کہ جنگ کی طرف تو نہیں جارہے، بدقسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ حسن نصر اللہ کو شہید کیاگیا اس وقت یو این اجلاس چل رہا تھا، 7 اکتوبر کو غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ایک سال ہوجائے گا، اسرائیل مسلسل غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔یاد رہے کہ حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں اسرائیل میں تقریباً ایک ہزار 160 ہلاکتیں ہوئی تھیں، اس حملے کے دوران حماس نے درجنوں اسرائیلیوں کو قید بھی کرلیا تھا۔حماس کو تباہ کرنے اور قیدیوں کو آزاد کروانے کے لیے اسرائیل نے غزہ کے ساحلی علاقوں پر مسلسل بہیمانہ بمباری اور شدید ترین زمینی حملے کیے ہیں جن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔گزشتہ روز غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تقریباً ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اسرائیل کے غزہ میں حملے جاری ہیں اور اسرائیلی مظالم کے نتیجے میں اب تک 41 ہزار 689 افراد شہید ہوچکے ہیں۔