بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فائرنگ سے جاں بحق 7 مزدروں کی نماز جنازہ ادا، تدفین کردی گئی۔قتل کیے گئے محنت کشوں میں ساجد، شفیق، فیاض، افتخار، خالد، سلمان، اللہ وسایا شامل ہیں جن کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے نواحی علاقوں بستی چدھڑ، بستی راجا پور، چک سردارپور، شاہ پور ابھہ اور بستی ملوک سے تھا۔
بعد ازاں محنت کشوں کی میتیں ہیلی کاپٹر سے ملتان لائی گئیں جہاں نشتر ہسپتال میں رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم سندھو نے میتیں وصول کیں، نشتر ہسپتال میں میتوں کاپوسٹ مارٹم کیاگیا۔شجاع آباد میں لاشیں ملنے میں تاخیر پر ورثا نے موٹروے ایم فائیو چدھر پل پر احتجاج کیا، احتجاج کے باعث ملتان سکھر موٹر وے ٹریفک کی روانی کے لیے بندہوگئی۔
متوفیوں کی ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں تدفین کردی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔محنت کشوں کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف پنجگور کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشتگردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔