وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہونہار سکالر شپ پروگرام کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 68 ڈسپلنز میں سالانہ 30 ہزار طلبہ کو سکالر شپ دیا جائے گا، 50 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز، 16 میڈیکل کالجز اور 131 گریجویٹ کالجز کے طلبہ کو ہونہار سکالر شپ دیا جائے گا۔ہونہار سکالر شپ لمز، فاسٹ، کامسٹ، نسٹ، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ اور 7 مزید ٹاپ پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلبہ کو دیا جائے گا، پروگرام کے تحت 8 سال میں 130 ارب روپے کے وظائف فراہم کئے جائیں گے، پروگرام سے آئندہ 4 سالوں میں ایک لاکھ 20 ہزار طلبہ مستفید ہوں گے۔
اس حوالے سے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی تقریر میں کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ہونہار سکالر شپ پروگرام کا آغاز اہم سنگ میل ہے، ہونہار سکالرشپ پروگرام مستحق اور ہونہار طلبہ کے لئے معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنائے گا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور بہترین روزگار فراہم کرنا چاہتے ہیں، ہونہار سکالر شپ پروگرام اعلیٰ تعلیم کیلئے ذہین طلبہ کی مالی رکاوٹوں کو ختم کرے گا، ہونہار سکالرشپ نوجوانوں کے اعلیٰ تعلیم کے خواب پورے کرے گا۔