معلومات تک رسائی کا بنیادی حق شہریوں اور حکومت کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کا باعث بن رہا ہے، شعیب احمد صدیقی

معلومات تک رسائی کا بنیادی حق شہریوں اور حکومت کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کا باعث بن رہا ہے، شعیب احمد صدیقی

چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 اے کے تحت معلومات تک رسائی کا بنیادی حق شہریوں اور حکومت پاکستان کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے کا باعث بن رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان انفارمیشن کمیشن کے زیر اہتمام پریس نیٹ ورک آف پاکستان کے اشتراک سے پاکستان آر ٹی آئی کوئز مقابلہ 2024 کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کیا، چیف انفارمیشن کمشنر نے کوئز جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ معلومات تک رسائی کا عالمی دن ہر شخص کو معلومات حاصل کرنے کے مساوی حق کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیتاہے،علاوہ ازیں عالمی دن پاکستانی شہریوں کو معلومات تک رسائی کے لیے بااختیار بنانےکیلئے پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت اور کوششوں کا جائزہ لینے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر پریس نیٹ ورک آف پاکستان کے سربراہ صباح الدین قاضی نے کہا کہ ا نفارمیشن ایکٹ ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک تاریخی کامیابی ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے میں شفافیت کا عمل یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہے۔آر ٹی آئی کوئز مقابلے کا مقصد معلومات تک رسائی کے حق کی اہمیت کے بارے میں عوامی بیداری کو بڑھانا ہے، جو کہ پائیدارترقی کیلئے اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے کے حصول کے لیے کلیدی محرک ہے۔ منتظمین کے جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق کوئز مقابلے میں ملک بھر سے کل 2,511 اندراجات جمع کروائے گئے ہیں جن میں 49.98 فیصد خواتین تھیں، بورے والا، چترال، ڈسکہ، مٹھی، اسکردو، کوئٹہ اور آزاد کشمیر سمیت دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں نے بھی مقابلے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --