صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور جعلی خبریں روکنےکے لیے اخبارات کا کردار بہت اہم ہے۔ نیشنل نیوز پیپرریڈرشپ ڈے پراپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ اخبارات کے قارئین کے عالمی دن پر آل پاکستان نیوزپیپرزسوسائٹی کومبارکباد دیتا ہوں، اخبارات سیاسی شعوربڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اخبارات شہریوں کو ان کےحقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہیں جبکہ یہ خبریں فراہم کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ اس خاص موقع پرگزارش ہے کہ اخبارات معاشرےمیں اخلاقی اورجمہوری اقدارکوفروغ دیں، اخبارات کو برداشت، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، حب الوطنی کوفروغ دینا چاہیے اور اہم مسائل پر لوگوں کی رہنمائی اور آگاہی میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تیزرفتارڈیجیٹل دورمیں غلط معلومات اورجعلی خبریں روکنےکے لیے اخبارات کا کرداربہت اہم ہے، اخبارات جھوٹی معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے، حقائق پرمبنی خبریں دینے میں کردارادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ دارپریس خبروں کی رپورٹنگ میں درستگی کا معیار برقرار رکھتا ہے اور پسماندہ آوازوں کو سننے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔