حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کے باوجود اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.52 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 12.72فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ہفتہ رفتہ میں روز مرہ استعمال کی 15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 19کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان دیکھنے میں آیا۔ادارہ شماریات کی جانب سے 19ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں جس میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی) 317.61 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ میں 319.28پوائنٹس اور گزشتہ سال 281.77 پوائنٹس تھا۔