صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عالمی یوم امن پر اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جغرافیائی اور سیاسی تنازعات کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔سری کاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پیغام میں صدر مملکت نے عالمی یوم امن کے موقع پر اقوامِ عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے عالمی یوم امن کا موضوع ’امن کے کلچر کو فروغ دینا‘ ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج امن کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام جنگ اور تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کے لئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اقوامِ عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی، دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے اِنسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہئے ۔صدر مملکت نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔آصف علی زرداری نےکہا کہ ہندوتوا سے متاثر مودی حکومت غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، مودی حکومت بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے، بھارت مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں، ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے اِنسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہیے، غربت، بھوک، ناانصافی، ظلم، عدم مساوات، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔
صدر پاکستان نے کہا کہ دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتی، جنگیں اور تنازعات لوگوں کیلئے مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں، آئیے امن، رواداری اور انسانی وقار کے احترام کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر ایک پرامن مستقبل اور ایک بہتر دنیا تشکیل دے سکتے ہیں، ہم ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں۔