جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستانی ویمنز کی خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیت لی

جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستانی ویمنز کی خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیت لی

جنوبی افریقہ ویمنز نے پاکستان ویمنز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیت لی۔ملتان میں کھیلے گئے بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔یاد رہے کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جنوبی افریقہ نے 10 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے 13 رنز سے جیتا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ابتک 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں جنوبی افریقہ نے 13 جیتے ہیں جبکہ میں پاکستان نے 11 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پاکستان اسوقت آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ کا نمبر پانچواں ہے۔

جمعہ کو جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر153 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ نے 18.3 اوورز میں2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگز میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں50 رنز کا اضافہ کیا۔منیبہ علی4 چوکوں کی مدد سے33 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ گل فیروزہ نے3 چوکوں کی مدد سے18 رنز بنائے۔

سدرہ امین 40 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے37 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔جنوبی افریقہ کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں سعدیہ اقبال نے ٹیزمین برٹس کو صفر پر منیبہ علی کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرادیا ۔ کپتان وولوارٹ اور اینیکے بوش اسکور کو 84 رنز تک لے گئیں۔ اینیکے بوش 46 رنز کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

کپتان وولوارٹ 2 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے45 رنز بناکر طوبٰی حسن کی گیند پر بولڈ ہوئیں تو مجموعی اسکور103 رنز تھا۔ اینیری ڈرکسن اور سونے لیز کے درمیان 51 رنز کی شراکت نے اپنی ٹیم کی جیت کو ممکن بنادیا۔

ڈرکسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے44 رنز اسکور کیے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔ یہ ان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ سونے لیز14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

مختصر اسکور۔
پاکستان 153 رنز5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ سدرہ امین 37۔ منیبہ علی 33۔ فاطمہ ثنا 27۔ سونے لیز 18 / 1 وکٹ۔
جنوبی افریقہ 154رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 18.3 اوورز ) ۔ اینیکے بوش 46۔ لورا وولوارٹ 45۔اینیری ڈرکسن 44 ناٹ آؤٹ ۔ طوبی حسن 26 / 1 وکٹ۔
نتیجہ ۔ جنوبی افریقہ ویمنز نے 8 وکٹوں سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --