اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاونڈ کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے جس میں کیس سے بری کرنے اور ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جب تک کیس ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے ٹرائل کورٹ کو ٹرائل آگے بڑھانے سے روکا جائے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کرکے حکم دیا ہے کہ ٹرائل کورٹ ٹرائل مکمل کر لے لیکن حتمی فیصلہ نہ دے۔عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور بری کرنے کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست بریت مسترد کردی تھی۔