عید میلادالنبی ﷺ آج انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی

عید میلادالنبی ﷺ آج انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی

عید میلادالنبی ﷺ آج انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آج عام تعطیل بھی ہے۔

اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں قومی سیرت کانفرنس ہے جس کا اہتمام وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کر رہی ہے۔اس موقع پر گلیوں، سڑکوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

آج تمام شہروں میں میلاد کے جلوس نکالے جائیں گے جن میں علمائے کرام اور خطیب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے اور آپ کی تعلیمات اور سنت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیں گے۔نبی آخر الزماں ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں محفل میلاد کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی آج عید میلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔اس بابرکت موقع کی مناسبت سے گلیوں، سڑکوں، عمارتوں، مساجد اور گھروں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔آج عام تعطیل ہے جبکہ صوبائی حکومت نے اس موقع پر صوبے بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔

آج تمام شہروں میں میلاد کے جلوس نکالے جائیں گے جن میں علمائے کرام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور سنت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیتے ہوئے آپ کی زندگی کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔آخری نبی حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لیے صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی آج عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔اس موقع پر سریاب روڈ سے ایک جلوس نکالا جائے گا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کوئٹہ شہر میں جمعیت رائے روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔

اسی طرح مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی تنظیموں اور تعلیمی اداروں نے بھی مختلف پروگرام ترتیب دیے ہیں جن کے دوران سیرت طیبہ کی مختلف خصوصیات کو اجاگر کیا جائے گا اور آقائے دوجہاں حضرت محمد ﷺ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ادھر کوئٹہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --