ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں میزبان چین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور میزبان چین کے درمیان کھیلا گیا، سیمی فائنل میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔پہلے کواٹر میں کوئی بھی ٹیم نہ گول کرسکی اور نہ ہی پنالٹی کارنر لے سکی، لیکن دوسرے کواٹر میں پاکستان کو لگاتار چار پنالٹی کارنر ملے، پاکستان کسی ایک پر بھی گول نہ کرسکا۔13ویں منٹ میں چین کو پہلا پنالٹی کارنر ملا جس پر یوان لین لو نے گول کرکے سبقت حاصل کی۔ ہاف ٹائم پر چین کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے کواٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے چین کی برتری کا خاتمہ کیا، اس کے بعد پاکستان کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن گول میں کامیابی نہیں ملی۔ مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ سیمی فائنل کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی شوٹ آؤٹ دیے گئے۔ پاکستان نے ابتدائی چار پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کردیے جب کہ چین نے چار میں سے دو پر گول کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔
چین نے دوسری بار پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا ہے، اس سے قبل 2006 کے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔واضح رہے کہ چین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہلی بار پہنچا ہے۔ فائنل میں چین کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا جس نے سیمی فائنل میں کوریا کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی ہے