وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نبی اکرمﷺ نے انسانی حقوق کا پہلا منشور دیا۔لاہور میں سیرت النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبی ﷺ خاتمُ النّبیّین، رحمۃ اللعالمین ہیں، نبی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اپنا محبوب کہا ہے، ان سے محبت کی ہے، آج ہم ربیع الاول کی مبارک مہینے میں یہاں جمع ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے گھرانے میں ربیع الاول کا مہینہ جشن کی طرح منایا جاتا ہے،محفل نعت اس مہینے میں زیادہ ہوتی ہے، مٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں، خوشیاں منائی جاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عشق رسولﷺ کسی کم ظرف کے لیے نہیں ہے، عشق رسولﷺ ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔
وزیر اعلٰی پنجاب نے تاکید کی کہ والدین اپنے بچوں کو حیات طیبہﷺ سے متعلق آگاہی دیں، جو انسان گھر سے سیکھتا ہے وہ اس دنیا اور دوسری دنیا میں بھی کام آتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی اکرم ﷺکا ذکر آج بھی بلند ہے اور ہمیشہ بلند رہے گا، یہ ایک مبارک محفل ہے، اس کے بارے میں بات کرنے کی سعادت سب کو نصیب نہیں ہوتی۔
مریم نواز نے بتایا کہ مغربی ممالک میں انسانی حقوق کی بات ہوتی ہے مگر اس بات کی خوشی ہے کہ انسانی حقوق کی بنیاد نبی اکرم ﷺ نے مسجد نبوی میں رکھی، وہ تعلیم آج پوری دنیا میں پھیل گئی، انسانی حقوق کی بنیاد ہمارے پیارے نبی ﷺ نے رکھی، ان کی تعلیم میں ہر انسان کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے۔