چیمپئنز ون ڈے کپ : مارخورز نے سٹالیئنز  کو 126  رنز سے ہرادیا

چیمپئنز ون ڈے کپ : مارخورز نے سٹالیئنز کو 126 رنز سے ہرادیا

چیمپئنز ون ڈے کپ کے چوتھے میچ میں مارخورز نے سٹالیئنز کو 126 رنز سے ہرادیا۔

اس میچ کی خاص بات سلمان علی آغا کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی ( 51 رنز اور 3 وکٹیں ) اور لیگ اسپنر زاہد محمود کی شاندار بولنگ ( 5 وکٹیں ) تھی۔

زاہد محمود کو اس کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مارخورز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مارخورز کی ٹیم 45 اوورز میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

 سٹالیئنز جواب میں 23.4 اوورز میں صرف 105 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

مارخورز کے تین بیٹرز فخرزمان۔ محمد فیضان اور کامران غلام آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 38 رنز تھا۔ کپتان رضوان اور سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز کا اضافہ کیا لیکن مہران ممتاز رضوان کی اہم وکٹ 33 کے انفرادی اسکور پر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

سلمان علی آغا نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔افتخار احمد نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے۔ عبدالصمد نے 37 رنز اسکور کیے جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم جہانداد خان اور مہران ممتاز کی عمدہ بولنگ کے سبب مارخورز کی اننگز 231 رنز سے آگے نہ جاسکی۔

مارخورز کی آخری 6 وکٹیں اسکور میں صرف 72 رنز کا اضافہ کرسکیں۔

جہانداد خان نے 49 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے لسٹ اے ون ڈے کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔

مہران ممتاز نے56 رنز کے عوض3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اسٹالیئنز کی اننگز میں نسیم شاہ نے دونوں اوپنرز یاسر خان اور شان مسعود کی وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کی مشکلات اسوقت بڑھ گئیں جب طیب طاہر اور بابراعظم دونوں79 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

بابراعظم جنہوں نے شاہنواز دھانی کے ایک اوور میں لگاتار پانچ چوکے مارکر شائقین کے جوش وخروش میں اضافہ کردیا تھا آٹھ چوکوں کی مدد سے45 رنزبناکر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ان کے آؤٹ ہوتے ہی صورتحال بدل گئی اور مارخورز نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی ۔اس کی وجہ لیگ اسپنر زاہد محمود کی شاندار بولنگ تھی جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرکے اسٹالیئنز کو محض105 رنز پر آؤٹ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ٹورنامنٹ کا پانچواں میچ پیر کو نورپور لائنز اور لیک سٹی پینتھرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے میچ ہوگا جو صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔

مختصر اسکور۔

یوایم ٹی ماخورز ۔ 231 رنز ( 45 اوورز ) ۔افتخار احمد 60۔ سلمان علی آغا 51۔ جہانداد خان 49 / 4 وکٹ۔ مہران ممتاز 56 / 3 وکٹ ۔
الائیڈ بینک اسٹالیئنز۔105 رنز ( 23.4 اوورز )۔ بابراعظم 45۔ زاہد محمود 18/ 5 وکٹ ۔ سلمان علی آغا 21 / 3 وکٹ ۔ نسیم شاہ 24 / 2 وکٹ ۔

نتیجہ : مارخورز نے 126 رنز سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --