پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جمہوریت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد جمہوریت کو فروغ دینا اور لوگوں میں مضبوط جمہوری اداروں کی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کرنا اور لوگوں کے معیار زندگی کوبہتربنانے میں مددکرنا ہے۔
یہ دن پہلی مرتبہ 2008 ءمیں منایا گیا تھا اوراس کے بعد سے یہ ہر سال تسلسل کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو درپیش چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے، انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے اس حوالے سے کہا کہ آج جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیرمتزلزل ہے، جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرز عمل کا عکاس ہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ منصفانہ، مساوی اور جامع عالمی معاشرے کے قیام کی کوششوں کا عزم کرتے ہیں۔