حکومت نے کل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آئینی ترمیم پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف نے (ن) لیگ اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو عشائیہ میں آگاہ کردیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو عشائیہ دیا جہاں ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور دیگر اتحادیوں نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے شرکا کو آئینی ترمیم لانے کے حوالے سے بریفنگ دی، آئینی ترمیم کل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام ارکان کو کل پارلیمنٹ میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ سے آئینی ترمیم کے پیکج کی منظوری لی جائے گی۔قومی اسمبلی اور سینیٹ مین آئینی ترمیم پیش کرنے سے قبل کابینہ سے منظوری لینا ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں وزارت قانون و دیگر وزارتوں نے آئینی ترامیم کے مسودے پر کام مکمل کرلیا ہے جب کہ کابینہ سے منظوری کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ آئینی ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔خیال رہے کہ آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس طلب کیے گئے تھے جبکہ پارلیمنٹ کا ہفتے کے آخر میں اجلاس بلانا غیر معمولی ہے کیونکہ عام طور پر بجٹ سیشن یا کسی حساس مسئلے کے لیے اجلاس طلب کیا جاتا ہے۔اگرچہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے باضابطہ طور پر جاری کیے گئے ایجنڈے میں ترمیم کا کوئی ذکر شامل نہیں تھا لیکن اس طرح کی چیزیں عام طور پر ایک ضمنی ایجنڈے کے حصے کے طور پر ایوان کے سامنے رکھی جاتی ہیں۔